دبئی (اسپورٹس ڈیسک)ایشین کرکٹ کونسل نے ایشیا کپ 2025 کے وینیوز اور شیڈول کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے، جس کے مطابق یہ میگا ایونٹ 9 سے 28 ستمبر تک متحدہ عرب امارات میں منعقد ہوگا۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان روایتی حریفوں کا ٹاکرا 14 ستمبر کو دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا۔

ایشین کرکٹ کونسل کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ایشیا کپ 2025 کے تمام میچز متحدہ عرب امارات کے دو بڑے میدانوں – دبئی کرکٹ اسٹیڈیم اور شیخ زید اسٹیڈیم (ابوظبی) – میں کھیلے جائیں گے۔ ایونٹ کا فائنل 28 ستمبر کو دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا۔
کل 19 میچز پر مشتمل اس ٹورنامنٹ میں دبئی اسٹیڈیم 12 میچز کی میزبانی کرے گا جبکہ ابوظبی میں 7 میچز ہوں گے۔ سپر فور مرحلہ اور فائنل سمیت بیشتر اہم میچز دبئی میں ہوں گے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم اپنے تمام گروپ میچز دبئی میں کھیلے گی۔ شیڈول کے مطابق پہلا میچ: 12 ستمبر کو عمان کے خلاف کھیلاجائیگا.
دوسرا میچ: 14 ستمبر کو بھارت کیخلاف (ہائی وولٹیج ٹاکرا)
تیسرا میچ: 17 ستمبر کو میزبان یو اے ای کے خلاف
ایشیا کپ 2025 میں مجموعی طور پر 8 ٹیمیں شرکت کریں گی، جنہیں دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے.
گروپ اے میںپاکستان، بھارت، عمان، متحدہ عرب امارات کی ٹیمیں شامل ہیں.
گروپ بی میں بنگلہ دیش، افغانستان، سری لنکا، ہانگ کانگ کی ٹیمیں شامل ہیں.
ایونٹ کے فارمیٹ کے تحت ہر گروپ کی ٹاپ دو ٹیمیں سپر فور مرحلے میں جائیں گی، جہاں سے دو بہترین ٹیمیں فائنل کھیلیں گی۔ایشیا کپ 2025 کرکٹ شائقین کیلئےایک بڑا ایونٹ ثابت ہونے جا رہا ہے، خاص طور پر پاکستان اور بھارت کے درمیان 14 ستمبر کو ہونے والا میچ عالمی توجہ کا مرکز بنے گا۔ یو اے ای میں ایونٹ کے انعقاد سے کھلاڑیوں کو سازگار موسم اور شاندار سہولیات میسر آئیں گی۔

