اسلام آباد (خبر ایجنسیاں) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے افسر کی سرکاری رہائش گاہ پر 13 سالہ لڑکی فاطمہ اصغر کی مبینہ تشدد سے ہلاکت کے معاملے پر انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔
کمیٹی نے رپورٹ میں بچی کے پوسٹ مارٹم، طبی و قانونی معائنے کے نتائج اور جسم پر تشدد کے نشانات کی تفصیلات شامل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
کمیٹی نے متعلقہ ایف آئی اے افسر سمیت نامزد ملزمان کے کردار اور ان کی بیرون ملک موجودگی سے متعلق حقائق بھی طلب کیے ہیں۔ دوہری شہریت کے حامل مبینہ ملزم کی تفتیش اور مقدمے کی سماعت کے لیے پاکستان میں دستیابی یقینی بنانے کے اقدامات کی تفصیلات بھی مانگی گئی ہیں۔
نوٹس میں یہ وضاحت بھی طلب کی گئی ہے کہ بچی کو گھریلو ملازمہ کے طور پر کیوں رکھا گیا تھا، وہ مدرسے میں تعلیم حاصل کر رہی تھی یا نہیں اور پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں اس کی رہائش کے کیا انتظامات تھے۔
واضح رہے کہ فاطمہ اصغر کی ہلاکت کا مقدمہ درج ہونے کے بعد پولیس نے ایف آئی اے افسر کی اہلیہ افشاں علی اور قاری علی رضا کو گرفتار کیا تھا۔ دونوں ملزمان جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں ہیں۔
پولیس تفتیش کے مطابق واقعے سے متعلق سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کی گئی ہے جبکہ عدالت نے واقعے کے تمام پہلوؤں، بچی کی رہائش، مبینہ گھریلو ملازمت اور تشدد کے ذمہ داروں کا تعین کرنے کی ہدایت کی ہے۔

