بنگلادیش میں خسرے کی بدترین وبا، 6 ماہ میں 999 بچے جاں بحق

ڈھاکا (ایجنسیاں) بنگلادیش میں خسرے کی بدترین وبا کے باعث اسپتالوں میں بیمار بچوں کی مسلسل آمد سے طبی سہولیات پر دباؤ بڑھ گیا ہے، جبکہ گزشتہ 6 ماہ کے دوران خسرے سے 999 بچوں کی اموات ریکارڈ کی گئی ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق بنگلادیشی وزارتِ صحت نے بتایا ہے کہ گزشتہ 6 ماہ میں 19 ہزار 835 مریضوں میں خسرے کی تصدیق ہوئی، جبکہ ایک لاکھ 66 ہزار مشتبہ کیسز رپورٹ ہوئے۔وزارتِ صحت کے مطابق خسرے کے شبے میں ایک لاکھ 46 ہزار مریضوں کو اسپتالوں میں داخل کیا گیا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ویکسی نیشن مہم جاری ہونے کے باوجود حفاظتی اقدامات میں کمی اور ویکسین سے محروم بچوں کی بڑی تعداد وبا کے پھیلاؤ کی اہم وجوہات میں شامل ہے۔وبائی بیماریوں کے اعداد و شمار کے مطابق بنگلادیش کو دنیا کی بدترین خسرہ وباؤں میں سے ایک کا سامنا ہے، جس کے باعث اسپتالوں پر مریضوں کا غیر معمولی دباؤ بڑھ گیا ہے۔