جارج ٹاؤن میں یومِ دفاعِ پاکستان کی تقریب:نہال ہاشمی، خلیل باجوہ اور پیر عدنان بودلہ کے خطاب

جارج ٹاؤن (اشرف خان لودھی سے)پاکستان مسلم لیگ (ن) کینیڈا کے زیرِ اہتمام یومِ دفاعِ پاکستان کے حوالے سے تقریب میں گورنرسندھ سیدنہال ہاشمی ،قونصل جنرل پاکستان ٹورنٹو خلیل احمد باجوہ اور پیر عدنان بودلہ نے بھی خصوصی خطاب کیا۔ تقریب میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کینیڈا کے صدر سہیل وڑائچ سمیت دیگر شخصیات اور پاکستانی کمیونٹی کے افراد نے شرکت کی۔

گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے اپنے خطاب میں قیامِ پاکستان، جمہوری جدوجہد، ملکی خودمختاری، دفاع اور قومی سلامتی کے موضوعات پر اظہارِ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان برصغیر کے مسلمانوں کے جمہوری فیصلے اور حقِ خودارادیت کے نتیجے میں وجود میں آیا۔ ان کے بقول پاکستان کسی مسلح جدوجہد کے نتیجے میں نہیں بلکہ ووٹ اور پُرامن جمہوری عمل کے ذریعے قائم ہوا، جس پر ہر پاکستانی کو فخر ہونا چاہیے۔

نہال ہاشمی نے کہا کہ پاکستان نے اپنی خودمختاری اور دفاع کیلئے بھاری قیمت ادا کی ہے اور آج بھی قربانیاں دے رہا ہے، تاہم پاکستانی قوم، حکومت اور مسلح افواج امن، خوشحالی اور ترقی پر یقین رکھتی ہیں۔ انہوں نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت اور وزیراعظم شہباز شریف کی حکومت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک طرف دفاع اور امن و امان کے قیام کیلئے کام کر رہا ہے تو دوسری طرف پُرامن طریقے سے مسائل کے حل اور ترقی کیلئے بھی کوشاں ہے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان ہر اس ملک، خطے اور قوم کے بنیادی حقوق کی حمایت کرتا ہے جو اپنے حق کیلئے آواز اٹھاتے ہیں۔ انہوں نے فلسطینی عوام اور کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کے اس بنیادی حق کے حصول کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کمزور طبقات، بچوں، خواتین اور بزرگ شہریوں کے حقوق کے تحفظ کا بھی حامی ہے اور کینیڈا کی حکومت اور عوام سے توقع ہے کہ وہ دنیا بھر میں مظلوموں کے جائز حقوق کی حمایت کریں گے۔

اپنی گفتگو کے دوران نہال ہاشمی نے تقریب کے شرکا سے غیر رسمی انداز میں بھی تبادلۂ خیال کیا اور کہا کہ کینیڈا میں پاکستانیوں کی محبت اور اپنائیت کے باعث انہیں اجنبیت محسوس نہیں ہوتی بلکہ یوں لگتا ہے جیسے وہ پاکستان ہی میں موجود ہوں۔ انہوں نے میزبانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ راجہ محمد شفیق اور مرتضیٰ جوئیہ نے محبت اور خلوص سے تقریب سجائی ہے۔

قونصل جنرل پاکستان ٹورنٹو خلیل احمد باجوہ نے اپنے خطاب میں پاکستانی شہریوں کیلئےای پاسپورٹ کے اجرا کے حوالے سے اہم وضاحت کی۔ انہوں نے بتایا کہ ای پاسپورٹ کا اجرا پاکستان کے ساتھ بیرونِ ملک پاکستانی مشنز میں بھی شروع کر دیا گیا ہے اور ٹورنٹو میں بھی اس سلسلے میں پہلے دن درخواستوں پر کارروائی کی گئی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پہلے سے جاری شدہ مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ اپنی مقررہ میعاد تک قابلِ استعمال رہیں گے اور شہریوں کو انہیں فوری طور پر تبدیل کرانے کی ضرورت نہیں۔ موجودہ پاسپورٹ کی میعاد ختم ہونے پر نئے پاسپورٹ کے اجرا کے وقت ای پاسپورٹ جاری کیا جائیگا، تاہم جو شہری چاہیں وہ پہلے بھی ای پاسپورٹ بنوا سکتے ہیں۔

پیر عدنان بودلہ نے اپنے خطاب میں گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی کے ساتھ ذاتی تعلق اور ان کی شفقت کا ایک واقعہ بیان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ والد کے انتقال کے بعد نہال ہاشمی، جو اس وقت سینیٹر تھے، نے ان کیلئے بہاولپور آنے کا پروگرام بنایا اور ہوائی سفر کے لیے ٹکٹ بھی کروائی، تاہم پرواز منسوخ ہوگئی۔ پیر عدنان بودلہ نے انہیں طویل سڑک کے سفر کی زحمت سے بچانے کے لیے لاہور یا اسلام آباد میں ملاقات اور کھانے کی دعوت دی، لیکن نہال ہاشمی نے سفر کرنے کا ارادہ برقرار رکھا۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے ولیمے سے چند گھنٹے قبل نہال ہاشمی ان کے گھر پہنچ گئے، جو ان کیلئے ایک خوشگوار حیرت تھی۔

پیر عدنان بودلہ نے کہا کہ نہال ہاشمی کی ان کیلئے شفقت اور محبت محض سیاسی تعلق نہیں بلکہ وہ انہیں اپنا استاد، رہنما اور سرپرست سمجھتے ہیں۔ انہوں نے اللہ کو حاضر ناظر جان کر کہا کہ نہال ہاشمی کے ساتھ ان کا تعلق خلوص اور ذاتی محبت پر مبنی ہے۔