سانگھڑ (نمائندہ خصوصی)سانگھڑ میں پسند کی شادی کرنے والے میاں بیوی کو شادی کے صرف ایک ہفتے بعد فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا، نوجوان کی لاش سیم نالے جبکہ لڑکی کی لاش سڑک کنارے سے برآمد ہوئی، لڑکی کے اہل خانہ گھر خالی کرکے فرار ہوگئے۔
ایس ایس پی سانگھڑ شاہنواز چاچڑ کے مطابق نوجوان کی لاش گزشتہ روز شہدادپور کے ایک گاؤں میں سیم نالے سے ملی جبکہ لڑکی کی لاش سڑک کنارے پڑی ہوئی تھی۔ دونوں کو فائرنگ کرکے قتل کیا گیا تھا۔
پولیس حکام کے مطابق جوڑے نے ایک ہفتہ قبل نواب شاہ کی عدالت میں پسند کی شادی کی تھی۔ واقعے کے بعد لڑکی کے اہل خانہ اپنا گھر خالی کرکے فرار ہوگئے ہیں۔
ایس ایس پی شاہنواز چاچڑ کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم کے بعد دونوں لاشیں نوجوان کے ورثا کے حوالے کردی گئی ہیں۔ ورثا نے پولیس کو بتایا ہے کہ تدفین کے بعد مقدمہ درج کروائیں گے۔

