فائرنگ کے واقعے کے بعد نیتن یاہو کا مغربی کنارے میں مکمل ناکابندی کا حکم

مقبوضہ بیت المقدس (خبر ایجنسیاں)اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے فوجی چیک پوسٹ پر فائرنگ کے واقعے کے بعد مقبوضہ مغربی کنارے کو مکمل طور پر بند کرنے کا حکم دے دیا۔

نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ اعلیٰ حکام کے ساتھ صورتحال کا جائزہ لیا گیا ہے، جس کے بعد اسرائیلی فوج کو الخلیل (ہیبرون) کی ناکابندی اور پورے مغربی کنارے میں مکمل نقل و حرکت بند کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ فوج پوری طاقت کے ساتھ کارروائیاں کر رہی ہے۔

اطلاعات کے مطابق فلسطینی حملہ آوروں کی فائرنگ سے 2 اسرائیلی فوجی ہلاک اور 3 زخمی ہوئے۔ ہلاک ہونیوالے فوجیوں کی شناخت اسٹاف سارجنٹ رون یوناتھن اور سارجنٹ یووال شائی کے نام سے ہوئی ہے۔