ٹوکیو (خبر ایجنسیاں)پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر سید محسن گیلانی نے ٹوکیو میں فیفا کے صدر جیانی انفینٹینو سے ملاقات کی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
دونوں شخصیات کی ملاقات ایشین فٹبال کنفیڈریشن کی غیر معمولی کانگریس کے بعد ہوئی، جس میں محسن گیلانی نے فیفا کی صدارت کے لیے ایک اور مدت کے خواہشمند جیانی انفینٹینو کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر کا کہنا تھا کہ پاکستانی فٹبال فیڈریشن ایشین فٹبال کنفیڈریشن کے مؤقف سے مکمل اتفاق رکھتی ہے اور ایشیائی فٹبال میں اتحاد برقرار رکھنے کے لیے اس کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایشیائی فٹبال کے مشترکہ اور خوشحال مستقبل کے لیے پاکستان فٹبال فیڈریشن، ایشین فٹبال کنفیڈریشن کے ساتھ مکمل ہم آہنگی رکھتی ہے۔

