نسل پرستانہ بدسلوکی اور ہنگامہ آرائی پر ڈیلٹا ایئرلائن کی پرواز سے 60 سالہ مسافر گرفتار

نیویارک (خبر ایجنسیاں)امریکی شہر نیویارک کے جان ایف کینیڈی ہوائی اڈے پر اٹلانٹا جانے والی ڈیلٹا ایئرلائن کی پرواز سے مبینہ نسل پرستانہ رویے اور ہنگامہ آرائی کے الزام میں بروکلین کے 60 سالہ مسافر کو گرفتار کرلیا گیا۔

ہوا بازی کے ذرائع کے مطابق پرواز میں 160 مسافر اور عملے کے 6 ارکان سوار تھے۔ جان ایف کینیڈی ہوائی اڈے سے روانگی کے وقت مسافر نے اچانک گالیاں دینا اور شور شرابا شروع کردیا، جس کے باعث پرواز کی روانگی میں تقریباً 45 منٹ تاخیر ہوئی اور مسافروں میں بے چینی پھیل گئی۔

عملے نے مسافر کو روکنے کی کوشش کی تو وہ مبینہ طور پر جارحانہ رویے پر اتر آیا۔ صورت حال کے پیش نظر ہوائی اڈے کی انتظامیہ نے پولیس طلب کرلی، جس نے مسافر کو طیارے سے اتار کر حراست میں لے لیا۔

ملزم پر ایک مسافر پر حملہ کرنے، بدتمیزی، پرواز میں خلل ڈالنے، گرفتاری کے دوران مزاحمت اور سرکاری اہلکاروں کو فرائض کی انجام دہی سے روکنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔