منشیات برآمدگی کیس، اے این ایف نے انمول عرف پنکی کا ضمنی چالان عدالت میں جمع کرا دیا

کراچی (نمائندہ خصوصی)انسدادِ منشیات کی عدالت میں گزری تھانے میں درج منشیات برآمدگی کے مقدمے میں نامزد ملزمہ انمول عرف پنکی کے خلاف انسدادِ منشیات فورس نے ضمنی چالان جمع کرا دیا۔

سماعت کے دوران جیل حکام نے ملزمہ انمول عرف پنکی کو ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش کیا۔ ضمنی چالان میں ملزمہ کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات شامل کی گئی ہیں، جبکہ انسدادِ منشیات فورس نے شریک ملزمان ناصر اور نسیم بی بی کو مفرور ظاہر کیا ہے۔

چالان کے مطابق ملزمہ انمول کے موبائل فون کے فرانزک تجزیے کے دوران دیگر ملزمان سے روابط کے شواہد بھی سامنے آئے ہیں۔ شریک ملزمان نسیم بی بی اور ناصر ضمانت حاصل کرنے کے بعد سے مفرور ہیں۔

عدالت نے مفرور ملزم ناصر کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی جاری رکھنے کی ہدایت کی، جبکہ شریک ملزمہ نسیم بی بی کے دوبارہ ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔ملزمہ انمول کے اثاثے ضبط کرنے سے متعلق استغاثہ کی درخواست پر عدالت نے فریقین سے دلائل طلب کرلیے۔