فاروق عبداللہ کی بھارت پر تنقید کشمیریوں کی آواز دنیا تک پہنچ رہی ہے اور انہیں اپنے حقوق کیلئےمتحد ہونا ہوگا
پاکستان کی سفارتی حمایت سے مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر زندہ ہے، کشمیری حقوق کیلئےمتحد ہوں: فاروق عبداللہ
بارہمولہ (پی ٹی آئی)مقبوضہ جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ اور نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ پاکستان کی جانب سے عالمی فورمز پر مسئلہ کشمیر اٹھائے جانے کے باعث کشمیریوں کی آواز دنیا تک پہنچ رہی ہے اور بھارت فی الحال عالمی دباؤ کے باعث خاموش ہے، تاہم کشمیریوں کو اپنے حقوق اور شناخت کے تحفظ کے لیے متحد ہونا ہوگا۔
بھارتی خبر رساں ادارے پی ٹی آئی کے مطابق فاروق عبداللہ نے شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں نیشنل کانفرنس کے کارکنوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کیا کشمیریوں کو نئی دہلی کی حکومت سے انصاف کی امید ہے؟ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلسل عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر اٹھا رہا ہے اور مختلف فورمز پر یہ مؤقف پیش کر رہا ہے کہ کشمیر کا تنازع ابھی حل طلب ہے، اسی وجہ سے دنیا میں اس معاملے پر آواز بلند ہو رہی ہے۔
فاروق عبداللہ نے خبردار کیا کہ اگر کشمیریوں نے ہمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے حقوق کے لیے آواز بلند نہ کی تو ان کی شناخت اور وجود مٹ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو اپنی بقا اور مستقبل کے لیے متحد ہوکر جدوجہد کرنا ہوگی۔
نیشنل کانفرنس کے صدر نے بھارت کی مرکزی حکومت کی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کے حوالے سے نئی دہلی کی نیت درست نہیں اور لوگوں کو اس حکومت سے زیادہ امیدیں وابستہ نہیں کرنی چاہئیں۔

