ڈھاکا(سپورٹس ڈیسک) بنگلادیش نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی ٹیلی کاسٹ پر غیر معینہ مدت کیلئے پابندی عائد کر دی ہے۔ حکومت کی جانب سے پابندی سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے ٹی 20 ورلڈکپ کے لیے اپنی ٹیم بھارت نہ بھیجنے کا باضابطہ اعلان بھی کر دیا ہے۔ بی سی بی کی ہنگامی میٹنگ میں بھارت اور سری لنکا کی مشترکہ میزبانی میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈکپ کی تیاری اور ڈیولپمنٹ کا جائزہ لیا گیا۔
واضح رہے کہ بنگلادیش کے فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کو آئی پی ایل میں شامل کرنے پر کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے مالک شاہ رخ خان تنقید کا نشانہ بنے تھے، اور مذہبی انتہا پسندوں نے انہیں غدار قرار دیا تھا، جس کے بعد کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے مستفیض الرحمان کو اسکواڈ سے ریلیز کر دیا۔
بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے سیکریٹری دیوا جیت سائیکیا نے کہا کہ حالیہ پیش رفت کے بعد فرنچائزز کو ہدایت دی گئی کہ مستفیض الرحمان کو ریلیز کیا جائے۔بی سی بی اور حکومت کے مطابق انتہا پسند مذہبی رہنماؤں اور سیاست دانوں کے دباؤ کے باعث بنگلادیشی کرکٹرز کے بھارت میں نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا گیا۔

