تل ابیب:اسرائیلی وزیرِ دفاع کا غزہ کبھی نہ چھوڑنے کا اعلان

تل ابیب/مغربی کنارہ(ایجنسیاں) اسرائیلی وزیرِ دفاع یسرائیل کاٹز نے غزہ کبھی نہ چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج غزہ کے اندر موجود ہے اور مستقبل میں بھی وہاں سے انخلاء نہیں کیا جائیگا۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق مقبوضہ مغربی کنارے میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسرائیلی وزیرِ دفاع نے کہا کہ ہم غزہ میں دفاع کیلئےموجود ہیں تاکہ ماضی میں پیش آنے والے واقعات دوبارہ نہ ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل اپنے دفاع کیلئے اپنی قوت پر اعتماد رکھتا ہے اور کسی دوسرے پر انحصار نہیں کر سکتا۔

یسرائیل کاٹز نے مزید کہا کہ مناسب وقت پر شمالی غزہ میں بھی شہری اور فوجی یونٹس تعمیر کیے جائیں گے اور بطور وزراء ان اقدامات کو سرکاری طور پر نافذ کرنا ان کی ذمہ داری ہے۔دوسری جانب غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق غزہ سے متعلق امن معاہدے کے تحت اسرائیلی فوج کو غزہ سے مکمل انخلاء کرنا ہے تاہم اسرائیلی وزیرِ دفاع کا حالیہ بیان اس معاہدے کے برعکس مؤقف کی عکاسی کرتا ہے۔