تھرپارکر: عدالت کا 23 سالہ شادی شدہ لڑکی کی قبر کشائی اور دوبارہ پوسٹ مارٹم کا حکم

تھرپارکر (نامہ نگار) تھرپارکر کے شہر اسلام کوٹ میں 23 سالہ شادی شدہ لڑکی کی موت کا معاملہ نیا رخ اختیار کرگیا، مٹھی کی عدالت نے موت کی اصل وجہ معلوم کرنے کیلئے قبر کشائی اور دوبارہ پوسٹ مارٹم کا حکم دے دیا۔

عدالت نے ڈائریکٹر جنرل صحت سندھ کو میڈیکل بورڈ تشکیل دینے جبکہ ایس پی تھرپارکر کو قبر پر پولیس پکٹ تعینات کرنے کی ہدایت کی ہے۔پولیس کے مطابق 2 ستمبر کو لڑکی کی لاش اسلام کوٹ کی نجار کالونی سے ملی تھی، سسرالیوں نے واقعے کو خودکشی قرار دیا تھا۔

لڑکی کے والدین نے ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ مسترد کرتے ہوئے موت کو قتل قرار دینے کا شبہ ظاہر کیا تھا اور دوبارہ پوسٹ مارٹم کا مطالبہ کیا تھا۔پولیس کے مطابق والد کی مدعیت میں لڑکی کے شوہر، دیور سمیت 4 افراد کے خلاف مقدمہ درج ہے، جس میں قتل اور شواہد مٹانے کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

عدالت کے حکم کے بعد میڈیکل بورڈ کی تشکیل اور قبر کشائی کے لیے ضروری انتظامات کیے جائیں گے، جس کے بعد دوبارہ پوسٹ مارٹم کے ذریعے لڑکی کی موت کی اصل وجہ کا تعین کیا جائے گا۔