جرمنی: اے ایف ڈی کی نئی یوتھ ونگ متنازع، میٹنگ میں دو گھنٹے تاخیر

برلن (ایجنسیاں) جرمنی کی دائیں بازو کی سخت گیر جماعت آلٹرنیٹیو فار جرمنی (اے ایف ڈی) کی نئی یوتھ ونگ کی میٹنگ شدید احتجاج کے باعث دو گھنٹے تاخیر سے شروع ہوئی۔

میٹنگ کا آغاز صبح 10 بجے ہونا تھا، تاہم احتجاجی مظاہرین کے راستے بند کرنے اور نعرے بازی کی وجہ سے یہ دوپہر 12 بجے کے بعد شروع ہوئی۔ احتجاج میں تقریباً 15 ہزار افراد شریک تھے۔پارٹی کی شریک رہنما ایلس وائیڈل نے باہر افرا تفری پھیلانے والوں کی مذمت کی اور ہال میں موجود شرکاء کو پارٹی کی نئی نسل قرار دیا۔

اے ایف ڈی کی یہ نئی یوتھ ونگ جونگ آلٹرنیٹیو (جے اے) کی جگہ لے گی، جسے حکومت نے انتہا پسند قرار دے کر تحلیل کر دیا تھا۔ نئی تنظیم کا امکان ہے کہ ’’جنریشن ڈوئچ لینڈ‘‘ یا ’’یوتھ جرمینیا‘‘ کے نام سے جانی جائے۔

پارٹی کے رہنما تینو کروپالا نے کہا کہ نئی یوتھ ونگ میں ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھا جائے گا، اور اسے اے ایف ڈی کے ضابطوں کے تحت زیادہ مربوط بنایا جائے گا۔ماہرین کے مطابق، نئی یوتھ ونگ جے اے جتنی انتہا پسند ہو سکتی ہے اور پارٹی کی قیادت کو اس پر کنٹرول حاصل ہو گا، تاہم اس کا مطلب یہ بھی ہے کہ پارٹی اس شاخ سے مکمل طور پر الگ نہیں ہو سکے گی۔