نیویارک (خبر ایجنسیاں) امریکی جنسی جرائم کے مجرم جیفری ایپسٹین کی موت سے متعلق ایک فرانزک ماہر نے دعویٰ کیا ہے کہ ایپسٹین نے خودکشی نہیں کی تھی بلکہ اسے قتل کیا گیا تھا۔
فرانزک ماہر پروفیسر مائیکل فری مین نے ایپسٹین کی پوسٹ مارٹم رپورٹ، طبی شواہد اور تصاویر کا جائزہ لینے کے بعد کہا کہ اس کی گردن پر موجود نشانات اور دیگر جسمانی شواہد گلا گھونٹ کر قتل کیے جانے کی نشاندہی کرتے ہیں۔
ان کے مطابق شواہد سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایپسٹین کو پیچھے سے گلا گھونٹ کر ہلاک کیا گیا ہو سکتا ہے۔ دوسری جانب نیویارک کے طبی معائنہ کار نے 2019ء میں ایپسٹین کی موت کو خودکشی قرار دیا تھا، جبکہ امریکی حکام کی تحقیقات میں بھی قتل کے شواہد سامنے نہیں آئے تھے۔
جیفری ایپسٹین 10 اگست 2019ء کو نیویارک کی جیل میں مردہ پایا گیا تھا، وہ کم عمر لڑکیوں کی جنسی اسمگلنگ کے الزامات میں مقدمے کا سامنا کر رہا تھا۔

