دو سالہ ٹیکس فریز،سستے مکانات ترجیحات میں شامل,بہتر سفری سہولتیں بڑھانے کا وعدہ
2027ء اور 2028ء کے بجٹ میں پراپرٹی ٹیکس کا اضافہ صفر فیصد رکھنے کا ہدف ہے
نوجوان خاندانوں، بزرگوں اور کم آمدنی والے افراد کیلئےمزید قابلِ استطاعت مکانات تعمیر کیے جائیں
ہر پس منظر سے تعلق رکھنے والے شہری کو مسی ساگا میں ترقی کے یکساں مواقع ملنے چاہئیں
مسی ساگا (اشرف خان لودھی سے) مسی ساگا کے نومنتخب میئر ایلویِن ٹیڈجو اور سٹی کونسل کے نومنتخب ارکان نے 16 نومبر کو لیونگ آرٹس سینٹر میں منعقدہ تقریب میں اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا۔ ایلویِن ٹیڈجو نے اپنے پہلے باضابطہ اقدام کے طور پر 2027ء کے بجٹ میں پراپرٹی ٹیکس میں صفر فیصد اضافے کا ہدف مقرر کرنے کی ہدایت جاری کردی اور کہا کہ شہریوں کو مہنگائی کے بوجھ سے ریلیف دینا ان کی اولین ترجیح ہے۔
تقریب میں میئر کے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد ایلویِن ٹیڈجو نے اپنے خطاب میں شہریوں کا اعتماد کرنے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ مسی ساگا کو مزید خوشحال، محفوظ اور ہر شخص کے لیے قابلِ رہائش شہر بنانے کے لیے نئی کونسل مل کر کام کرے گی۔ انہوں نے اپنے اہل خانہ، اہلیہ ربیکا، رضاکاروں، انتخابی مہم میں ساتھ دینے والوں اور شہریوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔

ایلویِن ٹیڈجو نے سابق میئر ہیزل مک کلیئن کی چار دہائیوں پر مشتمل خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا جبکہ سابق میئر بونی کرومبی کی شہر کیلئے ایک دہائی سے زائد خدمات کو بھی سراہا۔
انہوں نے کونسل کی سینئر رکن سو میک فیڈن کو چھٹی مرتبہ منتخب ہونے پر مبارک باد دی، جبکہ کونسلر فونسیکا کی پانچویں اور کونسلرز ماہونی اور کوواک کی چوتھی مرتبہ کامیابی کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کونسلرز ڈاسکو، ہورنیک، ریڈ، پیرش اور بٹ کی شہر کے مختلف شعبوں میں خدمات کو سراہا۔
نومنتخب کونسلر ٹام آلرڈ کو وارڈ 2 کی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارک باد دی جبکہ لوکاس اسمتھ کو کونسل کا کم عمر ترین رکن قرار دیتے ہوئے ان کیلئےنیک خواہشات کا اظہار کیا۔
میئر نے کہا کہ مسی ساگا کو اس وقت کئی اہم معاشی اور سماجی چیلنجز کا سامنا ہے۔ تجارتی جنگ کے باعث مقامی معیشت دباؤ میں ہے، مکانات کی قلت نوجوان خاندانوں کو شہر چھوڑنے پر مجبور کر رہی ہے جبکہ شہریوں کے لیے روزمرہ اخراجات اور رہائش کی لاگت برداشت کرنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ پراپرٹی ٹیکس میں اضافے کو روکنے کے لیے بلدیاتی انتظامیہ کے اخراجات میں بچت، وسائل کے مؤثر استعمال اور ہر سرمایہ کاری سے شہریوں کو حقیقی فائدہ پہنچانے پر توجہ دی جائے گی۔ ان کے مطابق 2027ء کا بجٹ فروری میں پیش کیا جائے گا، جس میں مالی ذمہ داری کے ساتھ شہریوں پر بوجھ کم کرنے کا منصوبہ شامل ہوگا۔ انہوں نے دو سالہ ٹیکس فریز کے عزم کا بھی اظہار کیا۔
ایلویِن ٹیڈجو نے کہا کہ مسی ساگا کو محض ایسا رہائشی شہر سمجھنا درست نہیں جہاں لوگ دوسرے شہروں میں کام کرنے کے بعد واپس آتے ہیں۔ شہر میں پیئرسن اکنامک زون سمیت کینیڈا کے بڑے کاروباری مراکز موجود ہیں اور یہاں تقریباً 7 لاکھ 50 ہزار افراد آباد ہیں، جن میں نصف تارکینِ وطن ہیں۔
انہوں نے شہر میں مزید قابلِ استطاعت مکانات کی تعمیر، بزرگوں کیلئے باوقار رہائش، ٹرانزٹ اور سڑکوں کے نظام کو بہتر بنانے اور کاروبار و سرمایہ کاری کیلئےسازگار ماحول پیدا کرنے کو اپنی ترجیحات میں شامل قرار دیا۔
میئر نے کہا کہ شہر کی اصل طاقت سٹی ہال کی عمارت میں نہیں بلکہ یہاں رہنے والی کمیونٹی، رضاکاروں، کاروباری افراد اور ان شہریوں میں ہے جو ایک دوسرے کی مدد کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ہر شہری کو مسی ساگا میں اپنا مقام محسوس ہو اور لوگ صرف گزارا کرنے کے بجائے ترقی اور خوشحالی حاصل کر سکیں۔
واضح رہے کہ 26 اکتوبر 2026ء کے بلدیاتی انتخابات کے بعد حلف اٹھانے والی نئی میونسپل کونسل کی مدت 16 نومبر 2026ء سے 14 نومبر 2030ء تک ہوگی۔ تقریب کے بعد شہریوں کیلئےاستقبالیہ بھی منعقد کیا گیا۔

