بھارت: دیوالی کی چھٹیاں منانے آبائی گھر آئی ایئر ہوسٹس کا چاقو کے وار سے قتل

مہاراشٹر (این ڈی ٹی وی، انڈیا ٹوڈے) بھارت کی ریاست مہاراشٹر میں دیوالی کی چھٹیاں منانے آبائی گھر آنے والی 35 سالہ ایئر ہوسٹس ورشا ترکر کو چاقو کے وار کرکے قتل کردیا گیا۔ ان کی لاش گونڈیا ضلع کے علاقے بوندرانی میں وین گنگا دریا کے قریب جنگل سے ملی۔

ورشا پونے کے ہوائی اڈے پر نجی فضائی کمپنی کے ٹکٹ کاؤنٹر پر ملازمت کرتی تھیں۔ وہ اپنی ڈھائی سالہ بیٹی کے ہمراہ ریاست مدھیہ پردیش کے ضلع بالاگھاٹ میں واقع اپنے آبائی گاؤں کنہی آئی ہوئی تھیں۔ 14 نومبر کو وہ اپنے ایک جاننے والے ریتیش اگروال کے ساتھ وین گنگا دریا کے کنارے سیر کے لیے گئیں۔

پولیس کے مطابق شام تقریباً 6 بجے ریتیش نے ورشا کے بہنوئی کو فون کرکے بتایا کہ انہیں تین نامعلوم افراد نے لوٹ مار کے دوران نشانہ بنایا ہے اور ورشا کو چاقو مار کر زخمی کردیا ہے۔ اس کے بقول حملہ آور نقد رقم اور زیورات لے کر فرار ہوگئے۔

اطلاع ملنے پر اہل خانہ جائے وقوع پر پہنچے اور خون میں لت پت ورشا کو اسپتال منتقل کیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔ ورشا کے جسم پر چاقو کے چار زخم تھے، جن میں سے زیادہ تر کمر پر تھے۔

پولیس کو ریتیش کے بیان پر شبہ ہوا کیونکہ مبینہ حملے میں وہ خود محفوظ رہا، جبکہ ورشا کو مہلک زخم آئے۔ پولیس نے ریتیش اور ورشا کے بہنوئی کو پوچھ گچھ کے لیے تحویل میں لیا ہے، تاہم تاحال کسی کی مجرمانہ ملوث ہونے کی تصدیق نہیں کی گئی۔

پولیس قتل اور ڈکیتی سمیت مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کر رہی ہے۔ ورشا کے والد دھورلال ترکر نے حکام سے واقعے کی شفاف تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔