اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں پاک ایران تعلقات، دوطرفہ تعاون اور خطے کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں علاقائی امن و استحکام کیلئےمشترکہ اقدامات اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کے امکانات پر بھی گفتگو ہوئی۔ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے خطے میں کشیدگی کم کرنے کیلئےپاکستان کے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔

اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان متعلقہ فریقین کے درمیان تنازعات کے حل کے لیے سفارتی محاذ پر مخلصانہ کوششیں جاری رکھے گا۔ملاقات کے بعد وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نور خان ایئر بیس پر ایرانی وزیر خارجہ کو الوداع کیا۔ اس موقع پر پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔

