کراچی (ایجنسیاں) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے فوری استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ وہ 10 سال سے وزارتِ اعلیٰ کے منصب پر فائز ہونے کے باوجود صوبے کے انتظامی اور مالی امور چلانے میں ناکام رہے ہیں۔
ایم کیو ایم پاکستان کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پیپلز پارٹی گزشتہ 18 سال سے مسلسل سندھ میں حکومت کر رہی ہے، جبکہ گزشتہ نصف صدی کے دوران بھی تقریباً 30 سال تک صوبے پر اس کی حکمرانی رہی ہے۔
ترجمان کے مطابق سندھ حکومت کی مبینہ بے حسی کے باعث اندرون سندھ 48 فیصد بچوں کی جسمانی اور ذہنی نشوونما عمر کے مطابق نہیں ہو رہی، جبکہ بیشتر اضلاع میں اسکول سے باہر بچوں کی شرح 44 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔ بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ اپریل 2026ء تک سندھ میں 6 ہزار بچے ایچ آئی وی اور ایڈز سے متاثر ہو چکے تھے۔
ایم کیو ایم نے پیپلز پارٹی کے حکمرانوں پر کراچی کی پانی کی لائنوں سے پانی چوری کرکے ٹینکروں کے ذریعے شہریوں کو فروخت کرنے کا الزام بھی عائد کیا۔
ترجمان نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام کی تحریک روکنے میں ناکامی کے بعد پیپلز پارٹی بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ ان کے بقول نئے صوبے بننے سے پیپلز پارٹی کو سالانہ سوا 2 ہزار ارب روپے کے مالی نقصان اور وفاق میں دوبارہ حکومت بنانے کا موقع نہ ملنے کا خوف ہے۔
ایم کیو ایم کے ترجمان نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کو سمجھ لینا چاہیے کہ کسی سازش یا پروپیگنڈے سے مصطفیٰ کمال کو نئے صوبوں کے قیام کی حمایت سے دستبردار نہیں کرایا جا سکتا۔

