بلقیس بانو اجتماعی زیادتی و قتل کیس:بھارتی سپریم کورٹ نے 2 مجرموں کو ضمانت دے دی

نئی دہلی (ایجنسیاں) بھارتی سپریم کورٹ نے 2002ء کے گجرات فسادات کے دوران بلقیس بانو سے اجتماعی زیادتی اور ان کے خاندان کے 7 افراد کے قتل کے مقدمے میں سزا یافتہ 2 مجرموں کی عمر قید کی سزا معطل کرتے ہوئے انہیں ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق جسٹس ایم ایم سندریش اور جسٹس پرسانا بی وریلے پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے یہ فیصلہ 28 اکتوبر کو سنایا، جس کا تحریری حکم 16 نومبر کو منظر عام پر آیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ دونوں مجرم 17 سال سے زائد عرصے سے قید ہیں اور ان کی اپیلوں میں حقائق اور قانون سے متعلق بعض اہم نکات زیر غور آنے ہیں۔ عدالت نے ایک مجرم کی شدید جسمانی معذوری کو بھی مدنظر رکھا۔

ضمانت حاصل کرنے والے مجرموں کی شناخت بپن چندر جوشی اور پردیپ مودھیا کے نام سے ہوئی ہے۔ دونوں نے ممبئی ہائی کورٹ کے 2017ء کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر رکھا تھا، جس میں ان کی سزائے عمر قید برقرار رکھی گئی تھی۔

مجرموں کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ دونوں 17 سال سے زائد عرصے سے جیل میں ہیں، جبکہ ایک ملزم کا نام ابتدائی ایف آئی آر میں شامل نہیں تھا اور اسے واقعے کے تقریباً 3 سال بعد مقدمے میں نامزد کیا گیا تھا۔ تاہم بھارتی حکومت کے ایڈیشنل سالیسٹر جنرل راجا ٹھاکرے نے جرم کی سنگینی کا حوالہ دیتے ہوئے ضمانت کی مخالفت کی۔

واضح رہے کہ مارچ 2002ء میں گجرات فسادات کے دوران 21 سالہ بلقیس بانو، جو اس وقت 5 ماہ کی حاملہ تھیں، اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنی تھیں، جبکہ ان کی 3 سالہ بیٹی سمیت خاندان کے 7 افراد کو قتل کردیا گیا تھا۔

اس مقدمے میں سزا پانے والے 11 مجرموں کو گجرات حکومت نے اگست 2022ء میں معافی دے کر رہا کردیا تھا، تاہم بھارتی سپریم کورٹ نے 8 جنوری 2024ء کو یہ رہائیاں غیر قانونی قرار دیتے ہوئے منسوخ کردی تھیں اور تمام مجرموں کو دوبارہ جیل بھیجنے کا حکم دیا تھا۔