واشنگٹن (خبر ایجنسیاں) امریکی صحافتی تنظیم فریڈم آف دی پریس فاؤنڈیشن اور تحقیقاتی خبر رساں ادارے دی انٹرسیپٹ نے محکمہ دفاع (پینٹاگون) کے خلاف صحافیوں کی مبینہ خفیہ بلیک لسٹ سے متعلق معلومات فراہم نہ کرنے پر وفاقی عدالت میں مقدمہ دائر کردیا۔
مقدمے میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ امریکی سینٹرل کمانڈ نے صحافیوں کی ایسی فہرست تیار کر رکھی ہے جن کی خبروں اور سوالات کو نظرانداز کیا جاتا ہے۔ صحافی نک ٹرس نے جولائی میں ایران کے مشرق وسطیٰ میں امریکی فوجی اڈوں پر حملوں سے متعلق معلومات حاصل کرنے کے لیے سینٹرل کمانڈ سے رابطہ کیا تھا، جس پر انہیں متنبہ کیا گیا کہ مسلسل سوالات کرنے پر انہیں ایسے افراد کی فہرست میں شامل کردیا جائے گا جنہیں نظرانداز کیا جاتا ہے۔
درخواست گزاروں نے اگست میں معلومات تک رسائی کے قانون کے تحت مبینہ فہرست، اندرونی خط و کتابت اور صحافیوں سے متعلق ہدایات کی نقول طلب کی تھیں، تاہم مقررہ مدت گزرنے کے باوجود محکمہ دفاع نے مطلوبہ دستاویزات فراہم نہیں کیں۔
صحافتی تنظیموں نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ پینٹاگون کو مطلوبہ ریکارڈ جاری کرنے کا حکم دیا جائے اور معلومات روکنے کے اقدام کو غیرقانونی قرار دیا جائے۔دوسری جانب امریکی سینٹرل کمانڈ نے صحافیوں کی بلیک لسٹ رکھنے کی تردید کرتے ہوئے نک ٹرس کے بیان کو واقعات کی غلط ترجمانی قرار دیا ہے۔

