تہران (خبر ایجنسیاں) ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ دشمن کا خیال تھا کہ وہ ایران کو جھکنے پر مجبور کردے گا، لیکن وہ یہ خواب ہی دیکھتا رہے گا، ایرانی قوم اپنے مضبوط عزم سے تمام مشکلات پر قابو پالے گی۔
تہران میں کاروباری شخصیات سے ملاقات کے دوران صدر پزشکیان نے کہا کہ ایران کو مشکلات درپیش ہیں، تاہم قوم اپنے عزم اور حوصلے سے ان پر قابو پالے گی۔انہوں نے کہا کہ ایرانی عوام اور مسلح افواج نے شرپسند عناصر کے ملک کو نقصان پہنچانے کے عزائم کامیاب نہیں ہونے دیے۔
ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ ایران کے خلاف جنگ کے اثرات دنیا کے تمام براعظموں تک پہنچ چکے ہیں اور عالمی سطح پر مہنگائی میں اضافہ ہو رہا ہے۔مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران کے خلاف معاشی جنگ کے دوران ایرانی سرمایہ کاروں اور صنعت کاروں نے منڈی کو بہت اچھے طریقے سے سنبھالا ہے۔
انہوں نے کاروباری طبقے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ مشکلات کے باوجود ملکی معیشت کو رواں رکھنے میں ان کا کردار اہم ہے۔

