لاڈرہل،فلوریڈا(سپورٹس ڈیسک) — ویسٹ انڈیز نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو دو وکٹوں سے شکست دے کر تین میچز کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔ فیصلہ کن شاٹ آخری گیند پر لگایا گیا، جس نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔
فلوریڈا کے لاڈرہل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیالیکن بلے باز آغاز میں جدوجہد کرتے نظر آئے۔
صائم ایوب 7،صاحب زادہ فرحان 3،محمد حارث 4 رنز بنا کر جلدی آؤٹ ہوگئے۔
تاہم، فخر زمان (20)، سلمان آغا (38) اور حسن نواز (40) کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 134 رنز بنائے۔ ویسٹ انڈیز کے جیسن ہولڈر نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں ویسٹ انڈیز نے ہدف کا تعاقب کیا تو پاکستانی اسپنرز نے مخالف ٹیم کو دباؤ میں رکھا۔محمد نواز نے 3، صائم ایوب نے 2 اور صفیان مقیم نے 1 وکٹ حاصل کی۔میچ کا فیصلہ آخری دو اوورز میں ہواویسٹ انڈیز کو 12 گیندوں پر 24 رنز درکار تھے۔
حسن علی نے 19ویں اوور میں 16 رنز دے دیے۔آخری اوور میں شاہین شاہ آفریدی کو 8 رنز کا دفاع کرنا تھا، لیکن آخری گیند پر چوکا لگا اور ویسٹ انڈیز نے جیت اپنے نام کر لی۔گوڈا کیش موٹی 28 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر رہے، جبکہ جیسن ہولڈر کی آل راؤنڈ پرفارمنس نے میچ کا رخ موڑا۔
پہلے میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 14 رنز سے شکست دی تھی۔صائم ایوب نے آل راؤنڈ پرفارمنس دکھائی اور مین آف دی میچ قرار پائے تھے۔پاکستان نے 178 رنز کا ہدف سیٹ کیا تھا، جس میں صائم ایوب کے 57، فخر زمان کے 28 اور حسن نواز کے 24 رنز شامل تھے۔اب سیریز 1-1 سے برابر ہے، جبکہ فیصلہ کن تیسرا ٹی ٹوئنٹی شائقین کرکٹ کو ایک اور دلچسپ مقابلے کا وعدہ دے رہا ہے۔

