سعودی عرب میں نجران پر میزائل حملہ، 6 افراد زخمی، مکانات اور گاڑیوں کانقصان

ریاض (سعودی محکمہ شہری دفاع)سعودی عرب کے شہر نجران میں میزائل حملے کے نتیجے میں 6 افراد زخمی ہوگئے، جبکہ 3 مکانات اور 3 گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔

سعودی محکمہ شہری دفاع کے مطابق حملہ حوثی تنظیم کی جانب سے کیا گیا۔ حکام نے بتایا کہ ابہا شہر میں حملے سے متعلق جاری کی گئی وارننگ واپس لے لی گئی ہے۔

اس سے ایک روز قبل سعودی فوجی اتحاد نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے دارالحکومت ریاض اور مشرقی صوبے کی جانب آنے والے ڈرونز کو تباہ کردیا ہے۔ فوجی اتحاد کے مطابق حوثیوں کی جانب سے خمیس مشیط کی سمت داغے گئے 2 بیلسٹک میزائل بھی تباہ کردیے گئے تھے۔