سندھ حکومت نے بھی خیبرپختونخوا کی مسترد کردہ بلٹ پروف گاڑیاں مانگ لیں

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)بلوچستان کے بعد سندھ حکومت نے بھی وفاق سے درخواست کی ہے کہ خیبرپختونخوا کی جانب سے مسترد کی گئیں بکتر بند (آرمڈ) گاڑیاں سندھ کو منتقل کی جائیں۔تفصیلات کے مطابق، پیر کے روز خیبرپختونخوا کے وزیرِاعلیٰ سہیل آفریدی نے وفاقی حکومت کی غلط پالیسی کو صوبے میں دہشت گردی کے دوبارہ بڑھنے کا ذمہ دار قرار دیا تھا۔

انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ وفاقی حکومت نہ تو خیبرپختونخوا کو دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ کے تحت مختص فنڈز فراہم کر رہی ہے اور نہ ہی دیگر آئینی حقوق دے رہی ہے۔وزیرِاعلیٰ نے مزید الزام عائد کیا کہ وزیرِداخلہ محسن نقوی کی جانب سے فراہم کی گئی بلٹ پروف گاڑیاں خراب اور پرانی ہیں اور ان گاڑیوں کو واپس کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

بعد ازاں، وزیرِاعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے اس معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا کی طرح بلوچستان بھی دہشت گردی سے متاثر ہے۔انہوں نے وزیرِداخلہ سے اپیل کی کہ اگر خیبرپختونخوا حکومت بلٹ پروف گاڑیاں لینے سے انکار کر رہی ہے تو انہیں بلوچستان حکومت کے حوالے کیا جائے تاکہ دہشت گردی کا مؤثر طور پر مقابلہ کیا جا سکے۔

اس اپیل کے بعد ایک غیر معمولی پیش رفت میں وزیرِداخلہ محسن نقوی نے خیبرپختونخوا کے لیے مختص بلٹ پروف گاڑیاں بلوچستان کو منتقل کرنے کی منظوری دے دی۔

تاہم آج، سندھ کے محکمہ داخلہ نے بھی وفاقی وزارتِ داخلہ کو ایک باضابطہ درخواست ارسال کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا کی جانب سے مسترد کی گئی بلٹ پروف گاڑیاں سندھ حکومت کو فراہم کی جائیں تاکہ صوبے میں سیکیورٹی کے نظام کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔

محکمہ داخلہ سندھ کے ذرائع کے مطابق، صوبے میں دہشت گردی کے خطرات کے پیشِ نظر اضافی بکتر بند گاڑیوں کی ضرورت ہے، اور وفاق کی جانب سے یہ گاڑیاں ملنے پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی مزید مؤثر ہو گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں