سندھ میں ان شاء اللہ 6 انتظامی یونٹس بننے جا رہے ہیں:ڈاکٹر فاروق ستار

کراچی ( این این آئی) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے مرکزی رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ سندھ میں ان شاء اللہ 6 انتظامی یونٹس بننے جا رہے ہیں۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیو ایم ضلع وسطی کی تنظیم کی جانب سے قومی ریلی کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد مظلوم عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں بدترین بدعنوانی اور بدانتظامی ہے، جبکہ سندھ بدانتظامی کے معاملے میں باقی صوبوں سے بہت آگے ہے۔

فاروق ستار کا کہنا تھا کہ جب طرز حکمرانی بدترین ہوجائے تو اقتدار کی منتقلی لازم ہوجاتی ہے، سندھ میں اختیارات نچلی سطح تک منتقل کرنا ناگزیر ہوچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں 6 انتظامی یونٹس بننے جا رہے ہیں اور ان کا اختیار مقامی سطح پر منتقل کیا جائے گا۔ ان کے مطابق کراچی، حیدرآباد، سکھر، نواب شاہ اور دیگر علاقوں کو انتظامی طور پر بااختیار بنانے کی ضرورت ہے۔

دوسری جانب سندھ حکومت کی ترجمان سعدیہ جاوید نے فاروق ستار کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی مصلحتوں کے تحت چہرہ بدلنے والے سندھ کی تقسیم کا خواب دیکھنا چھوڑ دیں۔