سندھ کی تقسیم کا خواب دیکھنے والے سیاسی مصلحتوں کا شکار ہیں:سعدیہ جاوید

کراچی (نامہ نگار) سندھ حکومت کی ترجمان سعدیہ جاوید نے وفاقی وزیر مصطفیٰ کمال کے نئے صوبوں سے متعلق بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی مصلحتوں کے تحت چہرہ بدلنے والے سندھ کی تقسیم کا خواب دیکھنا چھوڑ دیں۔

سعدیہ جاوید نے کہا کہ لاشوں کی سیاست پر جنم لینے والے آج معصومیت کا لبادہ اوڑھ کر صوبائی خودمختاری پر شب خون مارنا چاہتے ہیں۔ اٹھارہویں ترمیم نے وفاق کو مضبوط اور عوام کو حقوق دیے، سندھ کی تقسیم کی بات کرنے والے ملکی تاریخ سے ناواقف ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کا ماضی نفرتوں کی سیاست سے عبارت ہے، اب نئے روپ میں سندھیوں اور مہاجروں کو لڑانے کی کوشش کامیاب نہیں ہوگی۔

ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ سندھ صوفیائے کرام کی دھرتی ہے، یہاں کسی فرد یا گروہ کی نفرت انگیز سیاست کو پنپنے نہیں دیا جائے گا، انتظامی یونٹس کے نام پر سندھ کی تقسیم کی باتیں ملک میں نئے انتشار کا باعث بن سکتی ہیں۔

سعدیہ جاوید نے مزید کہا کہ سندھ حکومت اور وفاق کے درمیان خلیج پیدا کرنے کی ہر کوشش ناکام بنائی جائے گی، جبکہ سندھ کے اسپتالوں اور صحت کے نظام پر تنقید کرنے والوں کو اپنے دور اقتدار کی کارکردگی کا بھی حساب دینا چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ عوام جذباتی نعروں اور دعوؤں سے گمراہ نہیں ہوں گے اور سندھ کے عوام اپنے مسائل سے آگاہ ہیں۔