خیرپور (خبر ایجنسیاں) شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور سے منسوب ایل ایل بی کی 1184 ڈگریوں کو جعلی قرار دے کر ان کی فہرست یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر آویزاں کردی گئی۔
یونیورسٹی انتظامیہ نے گزشتہ روز تصدیقی عمل مکمل ہونے کے بعد ان ڈگریوں کو جعلی قرار دیا تھا۔ انتظامیہ کے مطابق تین سالہ ایل ایل بی پروگرام کے تعلیمی عرصے 2016ء تا 2018ء کے 658 امیدواروں کی ڈگریاں جعلی پائی گئیں، جبکہ پانچ سالہ پروگرام کے 2017ء کے بیچ کی 526 ڈگریاں بھی جعلی قرار دی گئی ہیں۔
انکوائری کمیٹی نے تصدیقی عمل کے دوران امتحانی ریکارڈ، حاضری اور مالی دستاویزات کی جانچ پڑتال کی۔ یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق جعلی قرار دی گئی ڈگریوں کے حامل افراد کی فہرستیں متعلقہ بار کونسلز، ہائر ایجوکیشن کمیشن اور الحاق شدہ قانون کے کالجوں کو بھی ارسال کردی گئی ہیں۔

