علیمہ خان کے بعد نورین نیازی اور عظمیٰ خان بھی گرفتار، کوٹ لکھپت جیل منتقل

لاہور (نمائندہ خصوصی) بانیٔ پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان کے بعد ان کی دیگر بہنوں نورین نیازی اور عظمیٰ خان کو بھی لاہور سے حراست میں لے لیا گیا۔ذرائع کے مطابق علیمہ خان کے دونوں بیٹوں شیر شاہ اور شاہ ریز کو بھی حراست میں لیا گیا تھا، تاہم وکیل رانا مدثر نے بتایا کہ دونوں کو رہا کردیا گیا ہے۔

نورین نیازی اور عظمیٰ خان کو 30 روز کے لیے نظر بند کردیا گیا ہے اور انہیں کوٹ لکھپت جیل منتقل کردیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر لاہور نے پولیس کی سفارش پر تین ایم پی او کے تحت نظر بندی کے احکامات جاری کیے۔

وکیل رانا مدثر کے مطابق عظمیٰ خان اور نورین نیازی کو رات تقریباً 2 بجے کوٹ لکھپت جیل منتقل کیا گیا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز بانیٔ پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان کو بھی لاہور سے تین ایم پی او کے تحت حراست میں لیا گیا تھا۔

پارٹی ذرائع کے مطابق علیمہ خان اپر مال میں واقع اپنے گھر سے ورزش کے لیے نکلی تھیں کہ لٹن روڈ پولیس نے انہیں حراست میں لے لیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ علیمہ خان کی گاڑی لٹن روڈ تھانے میں کھڑی ہے جبکہ انہیں بھی کوٹ لکھپت جیل منتقل کردیا گیا ہے۔