23 ستمبر سے ایرانی ایئر لائنز کی عالمی پروازیں بند کرانے کا امریکی اعلان

واشنگٹن (رائٹرز) امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے کہا ہے کہ امریکا ثانوی پابندیوں کے ذریعے ایرانی ایئر لائنز کی بین الاقوامی پروازیں 23 ستمبر سے بند کرانے کی کوشش کرے گا۔

رائٹرز کے مطابق اسکاٹ بیسنٹ نے بتایا کہ ایرانی ایئر لائنز کو ایندھن، ہوائی اڈے پر اترنے کی سہولت یا ٹکٹ فروخت کرنے والی کمپنیوں کو امریکی ڈالر کے مالیاتی نظام سے خارج کیے جانے کا خطرہ ہوگا۔

امریکی وزیر خزانہ نے کہا کہ چین کے ساتھ ایران سے متعلق معاملے پر بات چیت ہوئی ہے اور چینی حکام امریکی پابندیوں کی مہم میں بہت زیادہ مصروف ہیں۔ ان کے مطابق چینی مالیاتی حکام، جن میں پیپلز بینک آف چائنا کے گورنر بھی شامل ہیں، ایران پر امریکی پابندیوں کی تعمیل سے متعلق مثبت بات چیت کر رہے ہیں۔

اسکاٹ بیسنٹ نے یہ بھی کہا کہ وہ یہ نہیں بتا سکتے کہ ایران کے ساتھ موجودہ کشیدگی کب تک جاری رہے گی۔

واضح رہے کہ امریکی محکمہ خزانہ نے 8 ستمبر کو ایران کے ہوا بازی کے شعبے سے متعلق 36 اداروں اور کمپنیوں پر پابندیاں عائد کی تھیں، جن میں ایران کی باقی تمام فعال ایئر لائنز بھی شامل تھیں۔