سی این این، ایم ایس ناؤ اور پولیٹیکو نے ٹرمپ انتظامیہ کیخلاف مقدمہ دائر کردیا

واشنگٹن(رائٹرز، ایسوسی ایٹڈ پریس)امریکی میڈیا اداروں سی این این، ایم ایس ناؤ اور پولیٹیکو نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کے خلاف وائٹ ہاؤس میں صحافیوں کے داخلے پر پابندی کے معاملے پر مقدمہ دائر کردیا۔

تینوں میڈیا اداروں نے وفاقی عدالت میں دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ وائٹ ہاؤس تک صحافیوں کی رسائی روکنا آزادیٔ صحافت اور اظہارِ رائے کے آئینی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

واضح رہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 18 ستمبر کو سی این این، ایم ایس ناؤ اور پولیٹیکو کے صحافیوں کو وائٹ ہاؤس میں داخلے سے روکنے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد 19 ستمبر کو ان اداروں کے صحافیوں کو وائٹ ہاؤس کے احاطے میں داخل ہونے سے روک دیا گیا۔

ٹرمپ نے ان میڈیا اداروں پر جعلی خبریں نشر کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی کوریج ان کے اور ان کی انتظامیہ کے بارے میں غلط معلومات پر مبنی ہے۔

مقدمے میں سی این این، ایم ایس ناؤ اور پولیٹیکو نے عدالت سے وائٹ ہاؤس کی جانب سے عائد پابندی ختم کرنے اور اپنے صحافیوں کی رسائی بحال کرنے کی درخواست کی ہے۔