اسلام آباد(نامہ نگار)کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے سینٹورس مال انتظامیہ کو دی گئی 8 کنال اراضی کے عارضی استعمال کی اجازت منسوخ کرتے ہوئے جگہ 7 روز میں خالی کرنے کی ہدایت کردی۔سی ڈی اے کے مطابق مذکورہ اراضی عارضی سائٹ اور تشہیری دفاتر کیلئےمختص کی گئی تھی تاہم اتھارٹی کی معائنہ ٹیم کو وہاں کوئی تشہیری دفتر موجود نہیں ملا۔
معائنے کے دوران عارضی جگہ پر رکھے گئے کنٹینرز میں مزدوروں کی رہائش اور بیت الخلا بھی پائے گئے جبکہ تعمیراتی سامان بھی ذخیرہ کیا گیا تھا۔سی ڈی اے نے کہا کہ اراضی کا استعمال اجازت کی شرائط کے خلاف کیا گیا، جبکہ 2 سالہ اجازت کی مدت ختم ہونے کے بعد اس کی تجدید بھی نہیں کرائی گئی۔
اتھارٹی کے مطابق سینٹورس مال انتظامیہ کو 4 کروڑ 84 لاکھ روپے سے زائد واجبات ادا کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔سی ڈی اے نے خبردار کیا ہے کہ 7 روز میں جگہ خالی نہ کرنے کی صورت میں عارضی سائٹ انتظامیہ کے خرچ پر کلیئر کرادی جائے گی۔

