اسلام آباد (نامہ نگار) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ عمران خان سے اُن کی بہنوں کی ملاقات پر سیاست نہ کی جائے، سب سے گزارش ہے کہ جذبات میں نہ آئیں۔
انہوں نے پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 2 برسوں سے عمران خان سے ملاقاتوں پر متعدد بار پابندی لگائی گئی، کچھ لوگوں نے غیر ذمہ دارانہ بیانات دیے ہیں جن کی ہم مذمت کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ صاحبِ اختیار سے گزارش ہے کہ خان صاحب کی بہنوں کی ملاقات نہ روکی جائے۔ عمران خان ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کے لیڈر ہیں، ان سے ملاقات میں قومی امور پر ہی بات ہوتی ہے، وہ ملک کا پوچھیں گے اور ہم حالات سے آگاہ کریں گے۔
بیرسٹر گوہر نے مؤقف اختیار کیا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں پر پابندی اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی ہے۔ ہم آئین اور قانون کی بالادستی پر یقین رکھتے ہیں اور اپنی قانونی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

