واشنگٹن(ایجنسیاں)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس سے قوم سے خطاب کرتے ہوئے اپنی کارکردگی کو اجاگر کیا اور تارکینِ وطن اور سابقہ ڈیموکریٹک انتظامیہ پر شدید تنقید کی۔
صدر ٹرمپ نے اپنے 19 منٹ طویل خطاب میں کہا کہ امریکہ مضبوط اور باعزت ملک کے طور پر واپس آ چکا ہے اور معاشی عروج کے قریب ہے، جس کی مثال دنیا نے پہلے کبھی نہیں دیکھی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اپنی حکومت کے 10 ماہ میں انہوں نے آٹھ جنگیں روکی ہیں، ایران کے جوہری خطرے کو تباہ کیا اور غزہ کی جنگ ختم کر کے تین ہزار سال میں پہلی بار امن قائم کیا۔
ٹرمپ نے کہا کہ انہیں کرپٹ نظام ختم کرنے کا مینڈیٹ ملا، غیر قانونی آمدورفت بند کی گئی اور نئی نوکریاں امریکہ کے شہریوں کے لیے پیدا کی گئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ 18 کھرب ڈالر کی سرمایہ کاری حاصل کی گئی، جس سے فیکٹریاں قائم ہوں گی اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، اور اس کامیابی کا سہرا اپنی ٹیرف پالیسی کو دیا۔
صدر ٹرمپ کا یہ خطاب بیورو آف لیبر اسٹیٹسٹکس کی جانب سے مہنگائی کے حوالے سے جاری رپورٹ سے صرف ایک دن قبل ہوا، جس میں بتایا گیا کہ سالانہ مہنگائی اپریل میں چار سال کی کم ترین سطح 2.3 فیصد پر آ گئی تھی، تاہم بعد ازاں یہ شرح بڑھنے لگی۔

