پیرس (رائٹرز، اے ایف پی)فرانس کے بینک کریڈٹ میوٹوئل آرکیا پر سائبر حملے کے نتیجے میں ہیکرز نے بینک کے اپنے کھاتے سے تقریباً 10 کروڑ یورو، یعنی 11 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کی رقم دیگر بینکوں میں منتقل کردی۔ حملے میں صارفین کے کھاتے متاثر نہیں ہوئے اور ان کی رقوم محفوظ رہیں۔
بینک کے مطابق یہ ایک انتہائی پیچیدہ بیرونی سائبر حملہ تھا، جس میں ہیکرز نے صارفین کے کھاتوں کے بجائے بینک کے اپنے کھاتے کو نشانہ بنایا۔ بینک نے واضح کیا کہ یہ کارروائیاں کسی انسانی غلطی کا نتیجہ نہیں تھیں۔
حکام کے مطابق چوری کی گئی رقم بعد ازاں مخصوص پلیٹ فارمز کے ذریعے کرپٹو کرنسی میں تبدیل کیے جانے کا امکان ہے۔ بینک کا کہنا ہے کہ رقم کا کچھ حصہ روک لیا گیا ہے جبکہ باقی رقوم کی واپسی کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ نقصان کی حتمی مالیت کا تعین ابھی نہیں ہوسکا۔
بینک نے احتیاطی تدبیر کے طور پر بعض لین دین عارضی طور پر روک دیے تھے، جس کے باعث کچھ رقوم کی منتقلی میں تاخیر ہوئی، تاہم صارفین کے اثاثے متاثر نہیں ہوئے۔
پیرس کے پراسیکیوٹر کے دفتر نے تصدیق کی ہے کہ بینک کی شکایت پر منظم گروہ کی جانب سے خودکار نظام پر سائبر حملے کے واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں، جن کی ذمہ داری سائبر جرائم کی پولیس کو سونپی گئی ہے۔
فرانسیسی اخبار نے چوری کی رقم کا تخمینہ 11 کروڑ 80 لاکھ یورو، یعنی تقریباً 13 کروڑ 30 لاکھ ڈالر لگایا تھا، تاہم بینک نے اس مخصوص رقم کی تصدیق نہیں کی اور صرف نقصان کی مجموعی مالیت کے تخمینے کی حد تک اتفاق کیا ہے۔

