فرانس میں مسافر ٹرین پٹری سے اتر گئی، 44 افراد زخمی

پیرس (اے ایف پی، رائٹرز) فرانس کے شمال مغربی علاقے نورمانڈی میں روئن سے کین جانے والی مسافر ٹرین پٹری سے اتر گئی، حادثے میں 44 افراد زخمی ہوگئے، جن میں ایک 18 سالہ لڑکی کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔

فرانسیسی حکام کے مطابق حادثہ جمعہ کی شام تقریباً پونے 8 بجے کِلیوں کے قریب پیش آیا۔ ٹرین میں 186 مسافر سوار تھے اور یہ روئن اور کین کے درمیان سفر کر رہی تھی۔

حکام کے مطابق زخمی 18 سالہ لڑکی کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے روئن یونیورسٹی اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ دیگر 43 زخمیوں کو بھی طبی امداد فراہم کی گئی۔

فرانسیسی ریل حکام کے مطابق امدادی کارروائیوں کے لیے 130 سے زائد فائر فائٹرز، طبی ٹیمیں اور درجنوں گاڑیاں جائے وقوعہ پر پہنچیں۔ حادثے کے بعد علاقے میں ٹرین سروس معطل کردی گئی اور امدادی کارروائیوں کے لیے ریلوے ٹریک کی بجلی بھی بند کردی گئی۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق ٹرین کے پٹری سے اترنے کے مقام پر ریلوے لائن کا ایک ٹکڑا موجود تھا، جس کے ٹرین سے ٹکرانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ حکام نے واقعے کی وجوہات کی تحقیقات شروع کردی ہیں اور تخریب کاری کے امکان کو بھی جانچا جا رہا ہے۔

پولیس کے مطابق ٹرین کے ڈرائیور کے شراب اور منشیات کے ٹیسٹ منفی آئے ہیں۔