قلات میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 5 دہشتگرد ہلاک، 23 مغوی بازیاب

قلات(آئی ایس پی آر) سیکیورٹی فورسز نے قلات کے قریب قومی شاہراہ این 25 پر دہشتگردوں کی عوامی آمدورفت میں خلل ڈالنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 5 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کے ٹھکانے سے 23 مغویوں کو بحفاظت بازیاب کرالیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں نے اغوا، بھتہ خوری اور گاڑیاں چھیننے کی کارروائیوں کے لیے قومی شاہراہ پر چیک پوسٹ قائم کررکھی تھی۔

کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے 6 ٹرک، 3 بسیں اور 2 کاریں برآمد کرلی گئیں جبکہ بڑی تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی قبضے میں لے لیا گیا۔دوسری جانب خاران میں دہشتگردوں نے مسافر گاڑی کو دیسی ساختہ بم سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 10 مزدور زخمی ہوگئے۔