لاہور (اسپورٹس ڈیسک) – بھارت میں شیڈول ایشیا کپ میں شرکت نہ کرنے کے بعد پاکستان ہاکی ٹیم آئندہ سال ایف آئی ایچ ورلڈکپ 2026 کے کوالیفائرز میں شرکت کرے گی، جو گرین شرٹس کے لیے ورلڈ کپ تک رسائی کا آخری اور واحد موقع ہوگا۔
ذرائع کے مطابق ایف آئی ایچ ورلڈکپ 2026 کوالیفائرز آئندہ برس 28 فروری سے 8 مارچ تک ہوں گے۔ عالمی فیڈریشن ان تاریخوں میں دو کوالیفائنگ ٹورنامنٹس کا انعقاد کرے گی جن میں زیادہ سے زیادہ آٹھ، آٹھ ٹیمیں حصہ لیں گی۔ ہر ایونٹ کی سرفہرست تین ٹیمیں براہِ راست ورلڈکپ کے لیے کوالیفائی کریں گی۔
ان ٹورنامنٹس میں امریکا، کینیڈا، چلی، فرانس، انگلینڈ، آسٹریا، پولینڈ، آئرلینڈ، ویلز اور اسکاٹ لینڈ سمیت دیگر ٹیمیں شریک ہوں گی۔ پاکستان کے علاوہ مزید 4 ٹیمیں ایشیا سے اور ایک ٹیم افریقہ سے حصہ لے گی۔ ایف آئی ایچ مینز ورلڈکپ 2026 میں کل 16 ٹیمیں شرکت کریں گی۔
واضح رہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے سیکیورٹی خدشات کے باعث قومی ٹیم کو بھارت بھیجنے سے انکار کرتے ہوئے ایشیا کپ ہاکی 2025 میں شرکت سے دستبرداری اختیار کر لی تھی، جس کے بعد ایشین ہاکی فیڈریشن نے پاکستان کی جگہ بنگلہ دیش کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

