عظیم الشان انٹر نیشنل باکسنگ چیمپئن شپ میں محمد وسیم اپنے اعزاز کا دفاع کرینگے
دوسری انٹرنیشنل باکسنگ چیمپئن شپ رواں برس نومبر میں لاہور میں ہوگی جس میں عالمی چیمپئن محمد وسیم اپنے ٹائٹل کا دفاع کریں گے۔ اس گرینڈ ایونٹ کی افتتاحی پریس کانفرنس لاہور میں بین الاقوامی شہرت کے حامل پاکستانی باکسر محمد وسیم کی موجودگی میں کی گئی جس میں پنجاب سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل محمد خضر افضال اور جنرل سیکرٹری پاکستان باکسنگ فیڈریشن عرفان یونس نے بھی شرکت کی۔
اس سے قبل پہلی انٹرنیشنل باکسنگ چیمپئن شپ مئی 2025 میں کوئٹہ میں منعقد ہوئی تھی، جو شاندار کامیابی سے ہمکنار ہوئی۔ دوسری انٹرنیشنل باکسنگ چیمپئن شپ نومبر 2025 میں لاہور میں زبردست طریقے سے منعقد کی جائے گی جس میں تین روز تک مختلف ویٹ کیٹگریز میں مقابلے ہوں گے۔
ڈی جی سپورٹس بورڈ خضر افضال کا کہنا تھا لاہور پاکستان کا دل اور ملک کا ثقافتی و تاریخی مرکز ہے اور زندہ دلان لاہور تفریح اور کھیل کے دلدادہ ہیں، لاہور اس چیمپئن شپ میں شریک ہونے والے دنیا بھر کے مشہور و معروف باکسرز، مایہ ناز آفیشلز اور کھیلوں کے شائقین کھیل کا کھلے دل سے خیر مقدم کرے گا۔ انہوں نے کہا میگا سپورٹس ایونٹ کھیلتا پنجاب پروگرام کے ویژن کا عکاس ہے، پاکستان کے نوجوانوں میں باکسنگ تیزی سے مقبول ہو رہی ہے، یہ چیمپئن شپ اس اہم بین الاقوامی کھیل کے فروغ اور نوجوان نسل کے شوق اور صلاحیتوں کو نئی جلا بخشے گا۔
اس موقع پر منتظمین کا کہنا تھا کہ چیمپئن شپ کو انتہائی منظم اور موثر طریقے سے منعقد کرنے کے خاطر خواہ انتظامات کیے جا رہے ہیں ہم حکومت پنجاب کے بہت شکر گزار ہیں کہ جس نے اس فقیدالمثال چیمپئن شپ کے انتظامات کا بیڑہ اٹھایا ہے۔ یہ چیمپئن شپ صرف ایک مقابلہ نہیں بلکہ کھلاڑیوں کے عزم و ہمت, محنت, قوت برداشت اور قوت ارادی کا مظہر ہو گا۔
محمد وسیم جیسے چیمپئن پاکستان کی عالمی سطح پر پہچان ہیں، گرینڈ ایونٹ عالمی سطح پر پاکستان کا امن اور ترقی پسندانہ امیج اجاگر کرے گا۔ اس موقع پرمحمد وسیم کا کہنا تھا دنیا بھر میں وطن عزیز کی نمائندگی کرنے پر فخر ہے، ایسے بڑے سپورٹس ایونٹس کی بدولت پاکستان میں اور کئی وسیم ابھر کر سامنے آئیں گے اور ملک کا نام روشن کریں گے۔

