کیئرنز (اسپورٹس ڈیسک) — ایڈن مارکرم کی شاندار بیٹنگ اور کیشو مہاراج کی تباہ کن باؤلنگ نے جنوبی افریقہ کو ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں آسٹریلیا پر 98 رنز کی بڑی کامیابی دلادی۔
پروٹیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 296 رنز اسکور کیے۔ اوپنر ایڈن مارکرم نے 81 گیندوں پر 82 رنز بنائے جبکہ کپتان ٹمبا باووما نے 65 اور میتھیو بریٹزکے نے 57 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔ آسٹریلیا کی جانب سے ٹریوس ہیڈ نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی اوپنرز مچل مارش اور ٹریوس ہیڈ نے برق رفتاری سے 60 رنز کی شراکت قائم کی، مگر اسپن کے آغاز کے ساتھ ہی میچ کا نقشہ بدل گیا۔ بائیں ہاتھ کے اسپنر کیشو مہاراج نے اپنی پہلی 15 گیندوں پر 4 کھلاڑی آؤٹ کر دیے اور آسٹریلوی بیٹنگ لائن اپ کو تہس نہس کردیا۔
مہاراج نے اپنے کیریئر کی بہترین باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 10 اوورز میں صرف 33 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔ آسٹریلوی ٹیم پوری کوشش کے باوجود 41ویں اوور میں 198 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔
آسٹریلوی کپتان مچل مارش نے سب سے زیادہ مزاحمت کی اور 96 گیندوں پر 88 رنز اسکور کیے، تاہم دوسرے بیٹرز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔پوسٹ میچ گفتگو میں کیشو مہاراج کا کہنا تھا”میں نے صرف حالات کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کی، خوش قسمت رہا کہ بہترین باؤلنگ انعام میں ملی۔”

