محسن نقوی کی ایرانی صدر سے ملاقات، پاک ایران روابط بڑھانے پر زور

تہران(نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے تہران میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی، جس میں پاک ایران دوطرفہ تعلقات، باہمی تعاون اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے پاکستان اور ایران کے درمیان مسلسل رابطوں کو مزید بڑھانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک باہمی تعاون کو تمام شعبوں میں مزید مضبوط بنا سکتے ہیں۔

مسعود پزشکیان نے کہا کہ پاکستان اور ایران مقامی اور علاقائی صلاحیتوں سے اپنی ضروریات پوری کرسکتے ہیں، جبکہ امریکی دباؤ نے مسلم ممالک کے درمیان مزید قربت اور روابط کو فروغ دیا ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان تجارت، معیشت، سیاحت اور سیاست سمیت تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے کیلئے پرعزم ہے، پاکستان ثقافت اور سائنس کے شعبوں میں بھی ایران سے تعاون مزید وسعت دے گا۔

اس سے قبل محسن نقوی نے ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی سے بھی ملاقات کی، جس میں پاک ایران دوطرفہ تعلقات اور خطے کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں دونوں ممالک کی وزارت داخلہ کے درمیان مختلف شعبوں میں جاری تعاون پر پیش رفت کا جائزہ بھی لیا گیا۔

ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے علاقائی امن و استحکام کیلئے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کوششوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں قیام امن کیلئےپاکستان کی مسلسل کاوشوں کے شکر گزار ہیں، پاکستان کا حالیہ دورہ بہت مفید رہا۔

محسن نقوی نے کہا کہ آنے والے وقت میں پاک ایران دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔