لاہور (نمائندہ خصوصی+نامہ نگار) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی صاحبزادی ماہ نور صفدر کا معروف صنعت کار جبار خالد کے صاحبزادے اذان جبار کے ساتھ نکاح پروقار مگر انتہائی محدود خاندانی تقریب میں جاتی امرا میں ہوگیا۔
تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف، مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف، کیپٹن (ر) محمد صفدر، حسن نواز، حسین نواز اور دیگر اہم سیاسی و خاندانی شخصیات نے شرکت کی۔ذرائع کے مطابق نکاح کی تقریب ہفتے کی شام 5 بجے جاتی امرا میں منعقد ہوئی اور صرف شریف خاندان کے افراد، قریبی رشتہ داروں اور عزیز و اقارب کو مدعو کیا گیا تھا۔
وزیراعظم شہباز شریف خصوصی طور پر ماہ نور صفدر کے نکاح میں شرکت کیلئے جاتی امرا پہنچے۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
خاندانی ذرائع کے مطابق ماہ نور صفدر کے جیون ساتھی اذان جبار کا تعلق معروف کاروباری اور صنعتی گھرانے سے ہے۔ ان کے والد جبار خالد ملک کے نامور صنعت کار ہیں جبکہ ان کا خاندان فلور ملز کی وسیع صنعت سے وابستہ ہے۔
ماہ نور صفدر حال ہی میں لندن کی ایس او اے ایس یونیورسٹی سے اعلیٰ تعلیم اور گریجویشن مکمل کرنے کے بعد وطن واپس لوٹی ہیں۔

