مسی ساگا:رکنِ پارلیمنٹ فارس السعود میئر کے امیدوار ایلون ٹیڈجو کی حمایت میں سامنے آگئے

مسی ساگا (نمائندہ خصوصی) مسی ساگا سینٹر سے رکنِ پارلیمنٹ فلسطینی نژاد فارس السعود نے میئر کے امیدوار ایلون ٹیڈجو کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔ ایلون ٹیڈجو نے اس حمایت پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ فارس السعود مسی ساگا کے عوام کیلئے کام کرنے کیلئے پُرعزم ہیں اور ان کے تعاون سے شہر کو ترقی کی راہ پر آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔

ایلون ٹیڈجو کے مطابق فارس السعود مسی ساگا کے موجودہ ارکانِ پارلیمنٹ میں پہلے رکن ہیں جنہوں نے رواں انتخابی مہم میں میئر کے کسی امیدوار کی حمایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ فارس السعود کے اعتماد، دوستی اور تعاون پر ان کے شکر گزار ہیں۔

ٹیڈجو نے کہا کہ مسی ساگا کو آگے بڑھانے کیلئے حکومت کی تمام سطحوں پر موجود رہنماؤں کے درمیان تعاون ضروری ہے۔ زندگی کے اخراجات میں کمی، رہائش کے مزید مواقع پیدا کرنے اور عوامی نقل و حمل کے نظام کو بہتر بنانے کیلئےمشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے، تاکہ شہریوں کو حقیقی ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہر کی ترقی اور عوامی مسائل کے حل کیلئے باہمی تعاون کو فروغ دینا ان کی ترجیحات میں شامل ہے۔ ایلون ٹیڈجو نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ 26 اکتوبر کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں ان کا ساتھ دیں اور مل کر بہتر مسی ساگا کی تعمیر میں کردار ادا کریں۔