بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 4 دہشت گرد ہلاک، میجر وجاہت وحید شہید

راولپنڈی (آئی ایس پی آر) بلوچستان کے ضلع قلات اور گوادر میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے دوران 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، جبکہ گوادر میں دھماکے کے نتیجے میں پاک فوج کے میجر وجاہت وحید نے جامِ شہادت نوش کیا۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے مطابق 18 اکتوبر کو ضلع قلات کے علاقے جتک آباد میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائی کی گئی، جس کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 4 دہشت گرد ہلاک کردیے گئے۔ کارروائی کے دوران اسلحے اور گولہ بارود کی بڑی تعداد بھی برآمد کی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع گوادر کے علاقے شادی کور میں سیکیورٹی فورسز نے کلیئرنس آپریشن شروع کیا، جس کے دوران سیکیورٹی فورسز کے دستے کو دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد سے نشانہ بنایا گیا۔ دھماکے کے نتیجے میں 34 سالہ میجر وجاہت وحید شہید ہوگئے، جن کا تعلق لاہور سے تھا۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کا کہنا ہے کہ علاقے میں موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری رہیں گے۔ سیکیورٹی فورسز نے جتک آباد میں دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔