حکمران فتح کے جشن میں مست ہیں، اسی لئے زبان سے مکر گئے ہیں: راجہ ناصر عباس

اسلام آباد (نامہ نگار) سینیٹ میں قائد حزب اختلاف علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا ہے کہ حکمران فتح کے جشن میں مست ہیں، اسی لیے اپنی زبان سے مکر گئے ہیں۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے وفاقی وزیر رانا ثنا اللہ کے بیان پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ حکمران اس وقت فتح کے نشے میں ہیں۔ 8 فروری کو انہوں نے پہلے پنجاب، سندھ اور بلوچستان فتح کیے اور اب خیبر پختونخوا کو فتح کیا ہے۔

راجہ ناصر عباس نے کہا کہ رانا ثنا اللہ اور وفاقی وزرا ان سے ملاقات کے لیے آئے تھے۔ اس ملاقات میں وفاقی وزرا نے کہا تھا کہ وزیراعظم خط لکھیں گے اور مذاکرات کے لیے جگہ کا تعین نہیں کریں گے۔

قائد حزب اختلاف سینیٹ کے مطابق وفاقی وزرا نے یہ بھی کہا تھا کہ ملاقات کی جگہ کا تعین اپوزیشن لیڈر کریں گے، تاہم اب حکمران اپنے اس مؤقف سے پیچھے ہٹ گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکمران فتح کے جشن میں مست ہونے کے باعث اپنی زبان سے مکر گئے ہیں۔