مسی ساگا(نمائندہ خصوصی) مسی ساگا کے میئر کے انتخاب 2026 سے متعلق وائی میڈیا اور مین اسٹریٹ ریسرچ کے نئے سروے میں امیدواروں کی حمایت کے اعداد و شمار جاری کردیئے گئے۔
22 سے 25 ستمبر 2026 کے دوران کیے گئے سروے میں 18 سال یا اس سے زائد عمر کے 1404 مسی ساگا کے رہائشیوں سے رائے لی گئی۔ سروے میں غلطی کی گنجائش 2.6 فیصد بتائی گئی ہے۔

سروے کے مطابق بونی کرومبی کیلئے 30.4 فیصد افراد نے حمایت کا اظہار کیا، کیرولین پیرش کیلئے 27.6 فیصد، ایلویِن ٹیڈجو کیلئے 20.5 فیصد جبکہ دیپیکا ڈیمرلا کیلئے 10.4 فیصد حمایت سامنے آئی۔سروے میں 11.2 فیصد افراد نے کسی دوسرے امیدوار کا انتخاب کیا، جبکہ غیر فیصلہ شدہ افراد کو اعداد و شمار میں شامل نہیں کیا گیا۔
دریں اثنا ذرائع کے مطابق کیرولین پیرش کی انتخابی مہم کے دوران مختلف مقامات پر آویزاں کیے گئے ان کے بینرز اور فلیکس اتارے جا رہے ہیں، تاہم یہ بینرز اور فلیکس اتارنے والے افراد کے بارے میں تاحال معلوم نہیں ہوسکا۔
ذرائع کے مطابق انتخابی مہم کے دوران آویزاں کیے گئے تشہیری مواد کو اتارنے کے واقعات کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، تاہم اس حوالے سے کسی فرد یا گروہ کی جانب سے ذمہ داری قبول نہیں کی گئی۔
دریں اثنا وائی میڈیا گروپ کے زیر اہتمام مسی ساگا میئر کے امیدواروں کا مباحثہ 7 اکتوبر کو دوپہر ایک بجے ہوگا، جسے وائی میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر براہِ راست نشر کیا جائے گا۔

