اسپین میں رہائشی بحران کیخلاف ہزاروں افراد کا ملک گیر احتجاج

میڈرڈ(خبر ایجنسیاں) اسپین میں بڑھتے ہوئے رہائشی بحران اور پارلیمنٹ میں حکومتی اقدامات سے متعلق بل مسترد کیے جانے کے خلاف ہزاروں افراد نے ملک بھر میں احتجاج کیا۔

میڈرڈ سمیت 50 سے زائد شہروں میں شہریوں نے رہائش کے مسائل، بڑھتے کرایوں اور بے دخلی کے خلاف مظاہرے کیے۔ صرف دارالحکومت میڈرڈ میں تقریباً 70 ہزار افراد احتجاج میں شریک ہوئے جبکہ دیگر شہروں میں بھی بڑی ریلیاں نکالی گئیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کرائے داروں کی تنظیموں اور مزدور یونینوں نے بھی مظاہروں میں شرکت کی اور حکومت پر رہائشی بحران کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا۔ تنظیموں کی جانب سے ملک گیر ہڑتال کے امکان کا بھی اشارہ دیا گیا ہے۔

بعض شہروں میں پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوئیں جبکہ خراب موسم کے باعث کچھ علاقوں میں احتجاجی مظاہرے ملتوی بھی کیے گئے۔

مظاہرین کے غصے میں اضافے کی ایک اہم وجہ جمعے کے روز پارلیمنٹ کی جانب سے رہائشی مسائل سے متعلق ایک بل کو مسترد کرنا ہے۔ اس بل میں 87 سالہ خاتون سمیت بے دخلی اور رہائش سے متعلق دیگر مسائل سے نمٹنے کے لیے اقدامات شامل تھے۔

رپورٹس کے مطابق پارلیمانی ناکامی کے بعد اسپین کے وزیراعظم قبل از وقت انتخابات کے امکان پر غور کر رہے ہیں، تاہم وزیراعظم کے دفتر نے موجودہ صورتحال پر فوری تبصرے سے معذرت کی ہے۔