اسکردو(نمائندہ خصوصی) کیڈٹ کالج سکردو میں ایک طالبعلم کی غلطی اور اس سے پیدا ہونے والی غلط فہمی کے باعث کشیدگی پیدا ہوگئی، جس کے بعد فرسٹ ایئر کے طلبہ کالج سے باہر نکل آئے اور احتجاج شروع کردیا۔
اطلاعات کے مطابق واقعے پر فرسٹ ایئر کے طلبہ نے شدید ردعمل کا اظہار کیا اور کالج کے باہر احتجاج کرتے ہوئے واقعے کی شفاف تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔احتجاج کے دوران موقع پر موجود عملے نے طلبہ کو سمجھانے کی کوشش کی تاہم معاملہ مزید کشیدہ ہوگیا۔
بعد ازاں کیڈٹ کالج سکردو کے پرنسپل نے طلبہ سے براہ راست مذاکرات کیے، ان کے تحفظات سنے اور واقعے کی منصفانہ تحقیقات اور انصاف کی یقین دہانی کرائی۔پرنسپل کے ساتھ مذاکرات کے بعد طلبہ نے احتجاج ختم کردیا، جس کے بعد کالج کے معمولات بحال ہوگئے۔
طلبہ نے پرنسپل کی جانب سے معاملے کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کے اقدام کو سراہا۔واضح رہے کہ کیڈٹ کالج سکردو خطے کا ایک معروف تعلیمی ادارہ ہے جہاں طلبہ کو تعلیم اور تربیت فراہم کی جاتی ہے۔

