قاہرہ(ایجنسیاں)مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں عالمی دفاعی نمائش کا آغاز ہوگیا، جس میں دنیا بھر سے دفاعی سازوسامان بنانے والی کمپنیوں نے سٹالز لگائے۔ پاکستانی کمپنیوں نے بھی اپنے سٹالز قائم کیے جو غیر ملکیوں کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔
نمائش میں 86 ممالک کی 450 سے زائد اسلحہ ساز کمپنیوں نے حصہ لیا۔ پاکستان کی جانب سے گلوبل انڈسٹریل اینڈ ڈیفنس سلوشن اور پاکستان آرڈیننس فیکٹری کے سٹالز لگائے گئے ہیں۔
گلوبل انڈسٹریل اینڈ ڈیفنس سلوشن کے سٹال پر الفتح، تیمور اور حربہ میزائل سمیت شاہیپر ٹو اور تھری دفاعی ڈرون طیاروں کے ماڈلز بھی رکھے گئے ہیں، جبکہ دیگر دفاعی سازوسامان بھی غیر ملکیوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔
اس موقع پر گڈز کے سی ای او اسد کمال نے کہا کہ پاکستان دنیا کا بہترین دفاعی نظام رکھتا ہے، مقامی سطح پر دفاعی سازوسامان تیار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور بین الاقوامی نمائشوں کے ذریعے مختلف ممالک کے ساتھ معاہدے طے پاتے ہیں جو خوش آئند بات ہے۔

