نئی دہلی (بھارتی میڈیا)بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی کے مشرقی علاقے کرشنا نگر کے ایک سرکاری اسکول میں 12ویں جماعت کی طالبہ لکشمی جھلسنے کے باعث ہلاک ہوگئی، پولیس واقعے کی خودکشی سمیت مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کر رہی ہے۔
پولیس کے مطابق ہفتے کی صبح اسکول میں آگ لگنے کی اطلاع موصول ہوئی، جس پر کرشنا نگر تھانے کی ٹیم موقع پر پہنچی۔ اہلکاروں کو اسکول کے محافظ کے کمرے کے عقب میں طالبہ جھلسی ہوئی حالت میں ملی۔ اسے اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکی۔
ڈپٹی کمشنر پولیس شاہدرہ راجندر پرساد مینا کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے دوران جائے وقوعہ اور طالبہ کے اسکول بیگ سے بعض اشیا اور مبینہ خودکشی کا نوٹ ملا ہے۔ شواہد جمع کرنے کے لیے تفتیشی ٹیم کو بھی طلب کیا گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے حالات اور اسباب کا تعین کیا جا رہا ہے، جبکہ مبینہ نوٹ کی حقیقت اور اس میں درج تفصیلات کی بھی جانچ جاری ہے۔

